ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بکسر گینگ ریپ معاملہ: منگل پانڈے کا مجرموں کے خلاف کارروائی کا وعدہ، لیکن انتظامی ناکامیوں کے سوال پر خاموش 

بکسر گینگ ریپ معاملہ: منگل پانڈے کا مجرموں کے خلاف کارروائی کا وعدہ، لیکن انتظامی ناکامیوں کے سوال پر خاموش 

Mon, 12 Oct 2020 22:56:57    S.O. News Service

پٹنہ،12 /اکتوبر(ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) بہار کے بکسر میں دلت خاتون کے ساتھ اجتماعی عصمت دری اور متاثرہ کے پانچ سالہ بیٹے کے قتل کے بعد ریاست کی سیاست گرم ہوگئی ہے۔جہاں ایک طرف حزب اختلاف ریاستی حکومت کو نشانہ بنارہی ہے وہیں دوسری طرف حکمراں جماعت اپنا دفاع کررہی ہے۔

اسی سلسلے میں حکمراں بی جے پی کے رہنما اور ریاستی حکومت میں وزیر صحت منگل پانڈے نے اجتماعی عصمت دری کے معاملے پر کہا ہے کہ قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔تاہم جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا یہ ان کی ناکامی نہیں ہے، تو انہوں نے کچھ نہیں کہا۔ انہوں نے صرف اتنا کہا کہ قصورواروں کو بخشا نہیں جائے گا، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ ضلع بکسرکے تھانہ مرار کے گاؤں اوجھا باراؤ گاؤں میں بینک جانے والی خاتون کو اس کے بچے سمیت اغوا کرلیا گیا تھا اور پھر اس عورت اور اس کے بچے کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے بعد اسے بندی میں باندھ کر پھینک دیا گیا تھا۔ بچی کی موت ندی میں ڈوبنے کی وجہ سے ہوگئی،لیکن اجتماعی عصمت دری کی شکار خاتون کو بچالیا  گیا۔ متاثرہ خاتون کو فوراً اسپتال میں داخل کرایا گیا۔

اہل خانہ کے مطابق جب بینک میں رقم جمع کروانے کے بعد وہ گھر نہیں پہنچی تو کنبہ کے افراد اسے تلاش کرنے نکلے۔ اہل خانہ نے دیکھا کہ یہ خاتون نہر میں بے ہوش پڑی تھی اور اس کا بیٹا ہلاک ہوگیا تھا۔ ملزمین نے دونوں کو ایک ہی ساڑھی میں باندھ ایک ندی میں پھینک دیا تھا۔ فی الحال پولیس اس پورے معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ اسی کے ساتھ ہی اس کیس کے ایک ملزم کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ ضلع بکسرمیں 28 اکتوبر کو ووٹنگ ہو نی ہے، جس کو لے کر انتظامیہ پوری طرح مستعدہے۔ اس وقت ایک دلت خاتون کے ساتھ اجتماعی عصمت دری اور اس کے بیٹے کے قتل نے انتظامی نظام پر سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔ ایسی صورتحال میں حزب اختلاف اس مسئلے کے بہانے حکمران جماعت سے جوابات طلب کر رہی ہے۔


Share: